شریف فیملی کی شوگر ملوں کیخلاف تحقیقات‘دبئی اور ابوطبی دفاتر کو نوٹس

42

لاہور( نمائندہ جسارت/این این آئی) نیب نے شریف فیملی کی چودھری شوگرملز کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ۔نیب کے مطابق چودھری شوگر ملز میں نوازشریف، مریم صفدر اور دیگر کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے جبکہ تحقیقات اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت شروع کی گئی ہیں جس کے تحت نیب نے ابوظبی اور دبئی میں واقع دفاتر کو نوٹس ارسال کردیے ہیں۔نیب کے مطابق تحقیقات پنجاب میں واقع چودھری شوگر ملزکے خلاف کی جارہی ہیں، چودھری شوگرملز شریف خاندان کی ملکیت ہے اس سلسلے میں شوگر ملز مالکان کو تحریری بیان پیش کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ نیب لاہورکی جانب سے شوگر مل مالکان کو 7دسمبر کو تحریری جواب سمیت پیش ہونے کاحکم بھی جاری کیا گیا ہے۔دوسری جانب احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہبازشریف کی اہلیہ اوربچوں کاٹرائل علیحدہ کرنے کاحکم دیدیا جبکہ عدالت نے پانچویں اشتہاری ملزمان کی جائداد کو قرق کرنے کا بھی حکم دیدیا۔ فاضل جج جواد الحسن نے 12صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا جس میں رابعہ عمران ،سلیمان شہباز ،یوسف ہارون اور دیگر کو اشتہاری قرار دیا گیاہے۔ عدالت نے نصرت شہباز، سلیمان شہباز، رابعہ عمران اور ہارون یوسف کا کیس دیگر ملزمان سے الگ کر دیا ہے ۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اشتہاری ملزمان کا کیس پیش ہونے والوں سے الگ کر کے علیحدہ سے ٹرائل کیا جاے گا جبکہ شہباز شریف کی بیٹی اور بیٹے کی جائیداد کو قرق کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔