ستر فیصد اسپتال کورونا مریضوں سے بھرگئے، سینیٹر فیصل جاوید

22

اسلام آباد (آن لائن) سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ ملتان میں کورونا کے مثبت کیسز کا ریٹ 17 فیصد ہے اور 70 فیصد اسپتال بھر چکے ہیں، لیڈر باہر بیٹھے ہیں یہ وڈیو کال پر بیٹھے ہیں اور عوام کو سڑکوں پر زبردستی لا رہے ہیں، ان جلسوں سے اپوزیشن کو کوئی فائدہ نہیں ہونا صرف نقصان ہونا ہے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کا قتل عام کر رہی ہے اپوزیشن لوگوں کو زبردستی جلسوں میں لاکر عوام کی جان کو خطرے میں ڈال رہی ہے اور ساتھ ہی پاکستان کی بڑھتی ہوئی اکانومی پر حملہ کر رہی ہے ان کے جلسوں سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا حکومت کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتی، اپوزیشن کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔ انہوں ے مزید کہا کہ پچھلے 4 ماہ سے پاکستان نے کوئی نیا قرضہ نہیں لیا ایکسپورٹس جو ن لیگ کے دور میں زیرو تھی آج تیزی سے اوپر جا رہی ہے، کورونا کے باوجود پاکستان کی معیشت مضبوط ہو رہی ہے، 70 سال میں پہلی بار پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ لگاتار پوری سہ ماہی میں سرپلس میں گیا، اگر ماضی کی حکومتوں کے لیے گئے قرضو ں پر انٹرسٹ نہ دینا پڑے تو آج عمران خان کی حکومت نے آمدن بڑھا دی ہے اور خرچے کم کرلیے ہیں۔