کشمیر کے مسئلے پر او آئی سی کا موقف برقرار ہے‘طاہر اشرفی

53

لاہور (نمائندہ جسارت)چیئرمین علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نیکہا ہے کہ کشمیرکے مسئلے پر اسلامی تعاون تنظیم کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی،وزرا خارجہ کے اجلاس میں شاہ محمود توہین ناموس رسالت ، اسلامو فوبیا اوردیرینہ تنازع پر بھرپور موقف پیش کریں گے،۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اجتماع کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اسلامی تعاون تنظیم کے ایجنڈے کا مستقل حصہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی جگہ پر توہین ناموس رسالت کے قانون کا غلط استعمال ہوا ہے تو متاثرین حکومت سے رابطہ کر سکتے ہیں، قانون کے مطابق فیصلہ ہو گا ، کسی کو قانون کا غلط استعمال نہیں کرنے دیا جائے گا، اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے مستقل بنیاد پر رابطوں کو مضبوط بنایا جائے گا۔ پشاور اور ننکانہ میں قتل ہونے والے قادیانیوں کے قتل کے 6واقعات میں سے 4 کے مجرم گرفتار ہو چکے ہیں۔2قتل پولیس کے مطابق ذاتی دشمنی کے ہیں جن پر تحقیق جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ30 نومبر کو مسیحی قیادت سے اہم ملاقات ہو گی جس میں مستقل بنیاد پر مسیحی برادری کے مسائل کے حل کے لیے میکنزم بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ویزوں کا مسئلہ حل ہو گیا ہے، مشرق وسطیٰ میں موجود پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ میزبان ملک کے قوانین کا احترام کریں اور وہاں کے سیاسی امور پر تبصروں اور مداخلت سے گریز کریں۔