ملتان جلسہ بہرصورت ہوگا، آصف زرداری خطاب کرینگے، یوسف گیلانی

68

ملتان(خبر ایجنسیاں)سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وائس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ آصفہ زرداری پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ملتان میں ہونے والے جلسے میں شرکت کرکے سرپرائز دے سکتی ہیں۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 30 نومبر کو پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس ہے، اس روز آصفہ زرداری ملتان آئیں گی جو پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کرکے سرپرائز دے سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث جلسے میں شریک نہیں ہوسکتے، لہٰذا آصفہ یوم تاسیس کے موقع پر پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کریں گی۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت جلسہ روک کر حالات خراب کر رہی ہے لیکن جلسہ ہر صورت ہوگا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت نے ملتان کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا ہے اور انٹری پوئنٹس پر بھی چیکنگ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا عوام تو پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں ہمارے ساتھ تو کوئی نہیں ہے۔ حکومت لوگوں کو آنے دے جس نے نہیں آنا وہ نہیں آئے گا۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا حکومت نے لسٹیں بنا کر جنوبی پنجاب سے ہمارے لوگوں کو اٹھا لیا ہے۔ کیا تھانوں میں کورونا نہیں ہے جہاں ہمارے ورکرز کو رکھا گیا ہے۔ادھر مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ یہ حکومت پورے ملک و قوم کو انتقام اور نفرت کی آگ میں دھکیل رہی ہے، ملتان میں یو سی چیئرمین اور کونسلر سمیت 50 رہنماؤں اور کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور اگلے دو روز میں یہ مزید کریک ڈاؤن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملتان کی انتظامیہ نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کو کنٹینر لگا کر بند کردیا ہے، اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ عوام کورونا کے خطرے کے باوجود اپوزیشن کی کال پر لبیک کہہ رہے ہیں، عوام جانوں کا خطرہ مول لے کر بھی اس ظالم حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عوام سمجھتے ہیں کہ یہ کورونا 18 حکومت کورونا 19 سے زیادہ خطرناک ہے، عوام اپوزیشن کی تحریک کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ حکومت جلسوں کو روک رہی ہے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ ملتان کا جلسہ ہر قیمت پر ہوگا، اگر انہوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کو نہ کھولا تو پورے ملتان میں جلسہ ہوگا جبکہ اگر ایسا ہوا کہ تو قائدین کی سیکیورٹی کی ذمہ داری اس حکمران ٹولے پر ہوگی اور اگر خدانخواستہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو ایف آئی آر میں وزیر اعظم عمران خان کو ملزم نامزد کریں گے۔