نااہل حکمرانوں نے معیشت تباہ کردی‘راناتنویرحسین

73

شیخوپورہ( آن لائن )ن لیگی رہنما و پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین ایم این اے رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ جب بھی اپوزیشن نالائق و نااہل حکومت کی بری کارکردگی ڈوبتی معیشت مہنگائی اور بے روزگاری پر بات کرتی ہے تو ایک ہی جواب آتا ہے کہ این آر او نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا تنویر نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل نواز لیگ سمیت کسی بھی اپوزیشن جماعت نے کبھی این آر او کا تذکرہ تک نہیں کیا، ہم حکومتی سیاسی انتقام کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور 22کروڑ عوام کی نالائق حکومت سے جان چھڑائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کشمیر بھارت کی جھولی میں ڈالا گیا، اسی طرح حکومت نے چپکے سے اسرائیل کو تسلیم کر لینا ہے۔موجودہ حکومت اپنے ڈھائی سالہ دور میں ایک بھی بڑا پروجیکٹ نہیں دے سکی، عوام کوصرف دلفریب وعدوں اور نعروں سے بہلا رہی ہے جبکہ لوگ خط غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں، نوکریاں چھین رہے ہیں، ہزاروں خاندانوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں اور وزیر اعظم کسی کو نہیں چھوڑوں گاکا شور کرر ہے ہیں۔ قوم اب جعلی حکومت کو ایک دن برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے، حکومت کو چلتا کرنے کے لیے ہم میدان عمل میں آ گئے ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے وطن عزیز کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے کر جائیں گے اور ملک میں صنعتی و تجارتی ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔