مریم نواز کو قرنطینہ کیا جائے، فیاض چوہان

48

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مریم صفدر کا فوری کورونا ٹیسٹ کیا جائے اور مثبت آنے پر انہیں قرنطینہ کر دیا جائے، مریم صفدر نے وی وی آئی پی طریقے سے جیل کاٹی، یہ 3 دن عام قیدی کی طرح جیل کاٹیں تو نسلیں یاد آجائیں گی، یہ 10 سال حکومت میں رہے لیکن جیلوں کی حالت زار پر توجہ نہ دی۔ انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کا کھانا گھر سے آتا تھا، انہیں جیل کی کینٹین سے کھانا منگوانے کی اجازت تھی، بیگم صفدر کافی، سینڈوچ اور چائے خود بناتی تھیں، ان کو بہترین ٹائلز والے واش روم دیے گئے، مریم صفدر خود کو فٹ رکھنے کیلیے ڈائٹ کرتی ہیں، کوٹ لکھپت، اڈیالہ جیل میں سپرنٹنڈنٹ ان کے اپنیلگائے ہوئے ہیں، جس سپرنٹنڈنٹ کو آپ نے تعینات کیا وہ غیر انسانی سلوک کرے گا ؟ مریم صفدر کو لان تک کی رسائی جیل میں میسر تھی، بیگم صفدر کو ایک سال بعد یاد آیا کہ جیل میں چوہوں والا کھانا دیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ علیم خان نے چند ہفتے جیل کاٹی، کروڑوں روپے جیلوں کی بہتری کیلیے لگائے، علیم خان اب بھی قیدیوں کی بہتری کیلیے معاونت کر رہے ہیں، جیل حکام کو کہا کہ شہباز شریف، حمزہ سے غیر انسانی رویہ نہ رکھا جائے۔