شوکت عزیز، یوسف رضا گیلانی کے شریک ملزمان کی بریت درخواستیں مسترد

35

اسلام آباد (آن لائن) احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی وغیرہ کے خلاف اشتہارات کے ٹھیکوں سے متعلق الگ الگ ریفرنسز میں شریک ملزمان کی طرف سے دائر بریت کی درخواستوں مستردکرتے ہوئے فردجرم عاید کرنے کے لیے تمام ملزمان کو طلب کرلیا۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے دونوں الگ الگ ریفرنسز میں محفوظ شدہ فیصلہ سنایا، سابق وزیر اعظم شوکت عزیز وغیرہ کے خلاف ریفرنس میں شریک ملزمان لیاقت جتوئی ،ڈاکٹر بشارت حسن بشیر،غلام نبی، اسماعیل قریشی، یوسف میمن کی جانب سے بریت کی درخواستیں کر رکھی تھیں،عدالت نے ملزمان کی بریت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے فردجرم عاید کرنے کے لیے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی، یاد رہے کہ مذکورہ ریفرنس میں طلبی کے باوجود مسلسل غیر حاضری پر عدالت نے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کو پہلے سے ہی اشتہاری قرار دے رکھاہے، ادھر اسی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی وغیرہ کے خلاف اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں سے متعلق ریفرنس میں بھی عدالت نے شریک ملزمان محمد سلیم، فاوق اعوان، سید حسن شکو اور ریاض عاشر صدیقی کی درخواستوں پر محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے بریت کی درخواستیں مسترد کر دیں اور کہاکہ آئندہ سماعت پر ریفرنس میں شریک ملزمان پر فردجرم عاید کی جائے گی، عدالت نے سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کر دی۔