کاون ہاتھی کو کل کمبوڈیا منتقل کیا جائیگا،خصوصی ٹرانسپورٹ باکس تیار

59

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت وفاقی دارالحکومت کے چڑیا گھرکے جانوروں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیس میں رپورٹ جمع کرادی گئی، 29 نومبر کو کاون کو کمبوڈیا اور 6 دسمبر کو دونوں ریچھوں کو جورڈن منتقل کیا جائے گا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران کاون کی منتقلی کے لیے آسٹریا سے آئے ڈاکٹر امیر خلیل اور جرمن ایکسپرٹ فرینک گورٹز عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو بتایاکہ ہاتھی کاون کو 29 نومبر کو کمبوڈیا بھجوایا جا رہا ہے،جس کے بعد 6 دسمبر کو دونوں ریچھ جورڈن منتقل کیے جائیں گے، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کاون کی دیکھ بھال کرنے کے لیے آنے والے ڈاکٹرز اور ایکسپرٹس کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان بھی جانوروں کی دیکھ بھال اور خیال رکھ سکتا تھا مگر پاکستان نے ایک مثال قائم کی ہے، جانور پنجروں میں رکھنے کے لیے نہیں بنے،ہم چاہتے ہیں کہ جانوروں کو پنجروں کے بجائے قدرتی ماحول میں رکھا جائے، کاون اب انٹرنیشنل سیلبرٹی بن گیا ہے، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ڈاکٹر عامر خلیل سے کہاکہ آپ نے جس طرح کاون کی دیکھ بھال کی، اس کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے،صدر مملکت بھی خود کاون کو دیکھنے گئے اور دنیا بھر کے لیے ایک مثال قائم کی۔ڈاکٹر عامر خلیل نے کہاکہ یہ ایک بڑا مشن ہے، ہم نے کاون کی منتقلی کے لیے اسپیشل ٹرانسپورٹ باکس تیار کیا ہے،یہ ایک پیچیدہ مشن ہے کیونکہ ہم نے چھوٹے ہاتھیوں کو شفٹ کیا ہے مگر یہ بڑا ہاتھی ہے اور سفر بھی طویل ہے،6 دسمبر کو ریچھوں کو بھی جارڈن منتقل کیا جائے گا۔عدالت نے کیس کی سماعت21 دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔