ریاست عام شہریوں کے بجائے اشرافیہ کی خدمت کررہی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

47

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ ریاست عام شہری کا تحفظ نہیں کر رہی صرف ایلیٹ کلاس کی خدمت کر رہی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی دارالحکومت میں نئے سیکٹرز کی تعمیر سے متاثر ہونے والے شہریوں کو معاوضوں کی عدم ادائیگی کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر سطح پر مفادات کا ٹکراؤ سامنے آ جاتا ہے، ریاست کو تو شہریوں کی حفاظت کرنی چاہیے تھی لیکن مسئلہ یہ ہے ریاست عام شہری کا تحفظ نہیں کر رہی صرف ایلیٹ کلاس کی خدمت کر رہی ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ شہریوں کی انصاف تک رسائی کی راہ میں ہر جگہ رکاوٹیں ہی رکاوٹیں ہیں، شہری انصاف لینے نکلیں تو تکنیکی رکاوٹوں میں الجھ کر تھک ہار کر بیٹھ جاتے ہیں، حکام ان شہریوں کی جگہ خود کو رکھ کر دیکھیں جنہیں اپنی زمینوں سے نکال کر بے گھر کر دیا گیا، خود سوچیں آپ کے گاؤں کی پوری زمین حکومت زبردستی لے اور آپ کو ڈی سی ریٹ پر ادائیگی کر دے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کسی کی زمین سرکاری تحویل میں لینے کے لیے بین الاقوامی اصول موجود ہیں، یہ بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے جن کی زمینیں لی گئیں وہ متاثرین ہمارے لیے اہم ہیں، آئینی عدالت نے عوامی حقوق کا تحفظ کرنا ہے، شہریوں کے بنیادی حقوق یقینی بنانا ہوں گے، پچاس سال سے جس بیوہ کو اپنی ہی زمین کے بدلے پلاٹ نہیں مل رہا اسے کیا جواز بتائیں ؟