کورونا قومی مسئلہ، اپوزیشن کی سیاست افسوسناک ہے، عثمان بزدار

48

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ اقوام عالم کا مشترکہ چیلنج ہے، اہم قومی مسئلے پر بھی اپوزیشن سیاست کر رہی ہے، افسوسناک امر ہے کہ اپوزیشن نے کورونا وبا پر پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش کی۔ سردار عثمان بزدار نے تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کی داد رسی و دیکھ بھال کیلیے مزید سینٹرز کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے کورونا وائرس جیسے اہم مسئلے پر ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانا غیر منطقی اور افسوسناک ہے، آزمائش کی اس گھڑی میں اپوزیشن کے منفی کردار کو تاریخ میں اچھے الفاظ سے یاد نہیں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کے بجائے انہیں تقسیم کرنے کی کوشش کی، اہم قومی مسئلے پر اپوزیشن کی جانب سے سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کی داد رسی و دیکھ بھال کیلیے مزید سینٹرز کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی اور لاہور میں بننے والے سینٹرز کو جلد فعال کر دیا جائے گا جبکہ دیگر شہروں میں بھی سینٹرز بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کو ہدایت کی کہ نئے سینٹرز کیلیے موجودہ عمارتوں کو استعمال میں لانے کا جائزہ لیا جائے اور نئی بھرتیوں کے بجائے سرپلس ملازمین کی خدمات حاصل کی جائیں۔