اٹھارویں ترمیم کو کسی صورت ختم نہیں کرنے دینگے، فضل الرحمن

66

جیکب آباد (آن لائن)جمعیت علمائے اسلام کے سربرہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ ہم کسی بھی صورت میں 18ویں ترمیم کے خاتمے کے حق میں نہیں اور نہ ہی 1940کی قرارداد کی حمایت ترک کریں گے،سندھ کے وسائل اور جزائر سندھیوں کی ملکیت ہیں،وفاق سندھیوں کے خلاف کچھ نہ سوچے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جے یوآئی ضلع جیکب آبادکے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی قیادت میں ملنے والے وفدسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔مولانافضل الرحمان نے کہا کہ 1940 قراردا کی حمایت اس لیے کررہے ہیں کہ اسرائیل کی مخالفت اور فلسطین کی حمایت کے نقاط شامل ہیں،جبکہ 18ویں ترمیم صوبوں کے حقوق کی ضمانت فراہم کرتی ہے اس لیے 18ویں ترمیم کسی بھی صورت میں ختم کرنے نہیں دیں گے،حکمران 18ویں ترمیم کے خاتمے کے لیے سازشیں بند کردیں۔انہوں نے کہاکہ حکمران نفرت کی علامت بن چکے ہیں جو ملک میں فرقہ واریت کو ہوادے رہے ہیں اور اسی فرقہ واریت کے تحت کو ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں پی ڈی ایم کے جلسے میں عوام کا جم غفیرثابت کرتاہے کہ حکمران بیساکھیوں کے سہارے چل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ڈیم اے کے تحت منعقد کیے گئے جلسوں کی طرح ملتان اور لاہورکے جلسے بھی کامیاب ہوں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ آئین کی حیثیت ختم ملکی معیشت تباہ ہوچکی ہے اورحکمران ملک کو بین الاقوامی غلام بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جو ہم کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے ۔