گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کرکے شہریوں سے زیادتی بند کی جائے، عمران روشن

45

میہڑ (نمائندہ جسارت) میہڑ بچائو تحریک کی جانب سے امن و امان کی بحالی، صفائی، گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف مارچ۔ میہڑ بچائو تحریک کی جانب سے عمران روشن ڈیپر، ایڈووکیٹ سعید پنہور، بادشاہ علی احمد، ڈاکٹر عاشق حسین، کاشف حسین تنیو، عقیل احمد سیال، سکندر سوڈہر، ذوالفقار کھوکھر، منور جتوئی کی قیادت میں نانک رام چوک بائی پاس سے میہڑ میں امن و امان کی بحالی، صحت اور صفائی کی سہولیات دینے کے لیے ریلی نکال کر دو کلو میٹر پیدل مارچ کیا۔ رہنماؤں نے گھنٹہ گھر چوک اور نیشنل پریس کلب میہڑ کے سامنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میہڑ شہر میں بے امنی کی آگ بھڑک اٹھی ہے، رواں ماہ 30 سے زائد ڈکیتیاں ہوچکی ہیں، پتھاریدار اور چوروں کو چھوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی میہڑ کا ماہوار کروڑوں روپے کا بجٹ ہے جو کرپشن کی نذر ہوگیا ہے۔ میہڑ کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، ہمیں اپنے شہروں کی دیکھ بھال کرنا ہوگی، ہم ہر جدوجہد میں شہریوں کے ساتھ ہیں۔ میہڑ شہر میں گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کرکے شہریوں سے زیادتی بند کی جائے۔ ریلی میں شریک شہریوں، تاجروں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے امن دو یا استعفا دو کے نعرے لگائے۔