اسلام تحمل اور برداشت کو فروغ دینے کی تلقین کرتا ہے، اشرف جتوئی

52

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اصلاح المسلمین کے صوبائی رہنماؤں کی جیکب آباد آمد، 28 نومبر کو کنڈیارو میں منعقد حضرت سہنا سائیں کے عرس مبارک کے سلسلے سمیت تنظیمی امور پر گفتگو۔ جیکب آباد میں جماعت اصلاح المسلمین کے صوبائی رہنماؤں خلیفہ محمد اشرف جتوئی، خلیفہ محمد اقبال سوہو، مشتاق احمد سومرو کی تنظیمی دورے پر ضلعی رہنماؤں سے مقامی ہوٹل میں مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر علامہ محمد اشرف جتوئی طاہری نے کہا کہ اسلام تحمل اور برداشت کو فروغ دینے کی تلقین کرتا ہے، دائمی سکون کا واحد ذریعہ قرب الٰہی میں ہے۔ اقبال احمد سوہو طاہری نے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر کنڈیارو میں منعقد ہونے والا بین الاقوامی حضرت سہنا سائیں کا عرس الاصلاح ٹی وی پر لائیو نشر ہوگا، جس میں ختم القرآن، نعت، منقبت اور خصوصی خطاب سجادہ نشین درگاہ اللہ آباد شریف کنڈیارو حضرت خواجہ سجن سائیں کا ہوگا، تمام مریدین و عقیدت مندوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے گھروں کے اندر فیملی کے ساتھ 28 نومبر رات 9 بجے سے رات 10 بجے تک مختصر نشست دیکھ کر اولیاء کے فیض سے مستفید ہوں۔ اس موقع پر ضلعی رہنما خلیفہ عبد الغفار طاہری، خالد علی طاہری، امیر بخش طاہری، الہڈنو طاہری، جہانگیر طاہری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ آخر میں ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی سمیت پاک افواج کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔