ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) گاؤں راجو نظامانی کے رہائشی اقلیتی برادری کا بااثر شخص کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، سخت نعرے بازی، سرفراز نظامانی نے بلا جواز کلہاڑیوں کے وار کر کے زخمی کردیا، پولیس ملزم کو تاحال گرفتار کر نے میں ناکام ہے جبکہ بااثر شخص جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہاہے، ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، مظاہرین کا مطالبہ۔ ٹنڈو محمد خان کے گاؤں راجو نظامانی کے رہائشی اقلیتی برادری کے افراد روی کمار، راہول کمار اور اجیت کمار نے گاؤں راجو نظامانی کے بااثر شخص سرفراز نظامانی کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے صحافیوں کو بتایا کہ چند روز قبل گاؤں کے ایک بااثر شخص سرفراز نظامانی نے بلا جواز روی کمار اور راہول کمار کو کلہاڑیوں کے وار کر کے زخمی کردیا، جس کیخلاف پولیس اسٹیشن میں رپورٹ بھی درج کروائی گئی، لیکن پولیس تاحال بااثر شخص کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ملزم سرفراز نظامانی ایک عادی مجرم ہے اور اس کیخلاف پولیس اسٹیشن میں متعدد مقدمات بھی درج ہیں۔ بااثر ملزم علاقے میں سرعام گھوم رہا ہے اور ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے، ہمیں سرفراز نظامانی سے جان کا خطرہ ہے۔ مظاہرین نے بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمیں انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے اور روی کمار پر حملہ کرنے والے ملزم سرفراز نظامانی کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔