جھڈو، منشیات کی کھلے عام خریدوفروخت سے شہری پریشان

29

جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو میں منشیات کی کھلے عام خریدو فروخت کا سلسلہ جاری ہے، جس پر پولیس خاموش و تماشائی بنی ہوئی ہے، شہری حلقوں نے پولیس سے منشیات کی کھلے عام فروخت بند کرنے اور منشیات فروشوں کیخلاف بلاتاخیر و بلا امتیاز کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جھڈو اور نواحی علاقوں میں منشیات کی کھلے عام فروخت کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری، جس میں اب تیزی آگئی ہے، شہر کے نواحی علاقوں میں دیسی شراب کی سیکڑوں بھٹیاں قائم ہیں، جہاں سے شراب پینے کے عادی افراد بلا خوف و خطر دیسی شراب حاصل کرکے اس کا استعمال کرتے ہیں جبکہ شہر میں چرس، افیون اور ہیروئن کی فروخت کے بھی متعدد اڈے قائم ہیں، جہاں نشے کے عادی افراد اپنی ضرورت کے مطابق کھلے عام منشیات حاصل کرتے ہیں۔ اس طرح سے شہر کی ہر دسویں دکان پر نشہ آور انڈین چھالیہ اور مضر صحت گٹکے فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔ شہر اور نواحی علاقوں میں منشیات کی فروخت اور اس کے استعمال کا رجحان بڑھتا جارہا ہے، جس پر پولیس کی مجرمانہ خاموشی باعث حیرت و باعث تعجب ہے۔ شہری حلقوں نے شہر میں منشیا ت کی بڑھتی ہوئی خرید و فرخت اور اس لت میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کے مبتلا ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ڈی آئی جی میرپور خاص اور ایس ایس پی میرپور خاص سے مطالبہ کیا ہے کہ جھڈو اور نواحی علاقوں میں منشیات فروشوں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔