نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ سے ناانصافیوں کی شکایات بڑھتی جا رہی ہیں

30

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) طلبہ یونین کی بحالی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی تعلیمی تجارت سمیت طلبہ کو درپیش مسائل حل نہ ہونے کیخلاف پرائیویٹ اسکولز کے طلبہ سے بھاری فیسیں وصول کرنے کیخلاف ٹھٹھہ میں انقلابی شاگرد محاذ اور پورہیت مزاحمت کی جانب سے ایدھی سینٹر سے رکشہ اسٹاپ تک احتجاجی مارچ کرتے ہوئے نعرے بازی کی گئی، مارچ میں واجد زئنور، عبدالجبار بھنبرو، سلمان جاکھرو، سکندر زئنور، عباس بھرانی، نصرت زئنور، امتیاز میمن، فاضل عباسی، عزیز سروان، سید ذاکر شاہ، فیضان اسماعیل میمن، ایس ٹی پی ضلعی صدر سید جلال شاہ، پورہیت مزاحمت کے دوست علی لغاری، اعجاز جاکھرو، لطف علی ھالو اور دیگر نے شرکت کی۔ احتجاجی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ آمر جنرل ضیاء الحق کے دور میں طلبہ سیاست پر پابندی عائد کردی گئی تھی، طلبہ یونین کی سیاست پر پابندی عائد ہونے سے شاگردوں کے حقوق غضب کیے جارہے ہیں، ایک طرف پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں طلبہ سے ناانصافیوں کی شکایات بڑھتی جا رہی ہیں اور دوسری طرف طلبہ کی پُرامن سیاست میں رکاوٹیں پیدا کرکے جمہوری روایات کو بلڈوز کیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ طلبہ یونین کی سیاست سے فوری طور پر پابندیاں ختم کرکے تیزی سے رواں دواں تعلیمی تجارت ختم کرکے بھاری فیسوں میں کمی کرکے طلبہ کے بنیادی مسائل حل کرنے سمیت طلبہ میں پھیلی بے چینی کو ختم کیا جائے۔