بختاور زرداری کی محمود چودھری کے ساتھ منگنی ہوگئی

54

کراچی(نمائندہ جسارت)سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی بیٹی اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی بہن بختاور زرداری کی منگنی ہوگئی۔بلاول ہاؤس کراچی میں ہونے والی تقریب میں بختاور اور محمود چودھری نے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنائی۔بختاور اور محمودچودھری نے روایتی مشرقی لباس زیب تن کیا۔آصف زرداری تقریب میں شرکت کے لیے اسپتال سے اپنے گھر پہنچے جبکہ کورونا سے متاثر بلاول زرداری ویڈیو لنک سے تقریب میں شریک ہوئے۔منگنی کی تقریب میں مہمانوں کی تواضع پاکستانی اور انگریزی کھانوں سے کی گئی، مینیو میں مچھلی، چکن بروسٹ، بریانی اور کوفتے شامل تھے۔ خاندان کے افراد کے علاوہ تقریب میں سو سے ڈیڑھ سو افراد شریک ہوئے۔