تیل اور گیس مافیا کی ملی بھگت سے عوام کو نقصان پہنچ رہا ہے، عبدالغفور شاہ

47

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی نائب صدر سید عبدالغفور شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سردیوں میں گیس کی لوڈشیدنگ نہ کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس پر فوری عملدرآمد ممکن بنایا جائے۔ گیس برآمد کرنے کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ حکومت خود LNG کو ذخیرہ کرنے کا انتظام کرے، تیل اور گیس مافیا کی ملی بھگت سے عوام کو نقصان پہنچ رہا ہے، چوری بند کی جائے تاکہ گردشی قرضے ختم ہوں۔ ملک بھر میں زیر زمین کھدائی کر کے گیس لائنوں کے پرانے انفرا اسٹرکچر کو تبدیل اور پلاسٹک پائپوں کے ذریعے لیکج کو کنٹرل کر کے ادھورے کام کو جلد از جلد مکمل بنایا جائے۔ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد تک اس معاملے کو تاخیر کا شکار کرنے سے باز رہا جائے، ورنہ پی ٹی آئی حکومت کے یہ اعلانات ڈھاک کے تین پات ثابت ہوں گے۔ کمپریسر کے ذریعے گیس چوری کے واقعات عام آدمی کی شدید حق تلفی کے مترادف ہیں۔ گیس چوری کرنے والے عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور ملک بھر کے عوام کو گیس کی سہولت سے یکساں مستفید ہونے دیا جائے۔ حکومت بیورو کریسی سے فوری طور پر گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے حکم پر عملدرآمد بھی کرائے کیونکہ بیورو کریسی کی بدمعاشی کا خمیازہ بھی حکومت اور سیاستدانوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔ اس وقت پورا ملک سردی اور کورونا کی لپیٹ میں ہے۔ کورونا ایک فلو ہے، سردیوں میں ویسے ہی نزلہ، کھانسی اور بخار سے بچنا خاصا مشکل ہوتا ہے جبکہ ملک کی اکثریت معاشی حالات کی سختی کی وجہ سے غربت کا شکار ہے۔ نزلہ، زکام، کھانسی کے علاوہ کورونا سے بھی محفوظ رہنے کی ضرورت ہے۔ ایسے میں گیس کی لوڈشیدنگ کے باعث عوام خصوصاً چھوٹے بچے، بزرگ اور بیمار افراد ٹھنڈے پانی سے نہا کر کورونا کا شکار ہونے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔ نہ ہی روزانہ ہوٹلوں سے سالن روٹی کا خرچہ برداشت کرسکتے ہیں۔ صنعتی شعبے میں لوڈشیڈنگ کا مطلب روزگار کے نئے مواقع کا خاتمہ اور مہنگائی کو بام عروج تک پہنچانا ہے۔