بھٹ شاہ ،بااثر ٹھیکیدار کی من مانیا ں ،سڑک بنانے میں ناقص میٹریل کا استعمال

27

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) بااثر ٹھیکیدار کی من مانی جاری، کروڑوں روپے کی لاگت سے بھٹ شاہ موری سے اللہ والا چوک تک بنائے جانے والی سڑک میں مسلسل غیر معیاری ناقص پتھر استعمال کرنے کا سلسلہ جاری، ڈپٹی کمشنر مٹیاری بھی نوٹس لینے میں بے بس۔ با ثر ٹھیکیدار کی من مانی اور کرپشن جاری کروڑوں روپے کی لاگت سے بھٹ شاہ موری سے اللہ والا چوک تک بنائی جانے والی سڑک میں مسلسل غیر معیاری ناقص پتھر استعمال کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری غلام حیدر چانڈیو بھی بااثر ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی کرنے میں بے بس ہیں۔ اس کے علاوہ ٹھیکیدار ارشاد علی ڈھری کی نااہلی کی وجہ سے ہالا بھٹ شاہ لنک روڈ اور درگاہ کا بیک سائیڈ روڈ بھی نامکمل ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو آنے جانے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق ڈپٹی کمشنر مٹیاری پرویز احمد بلوچ نے سڑک کا کام مکمل نہ ہونے کے باوجود بھی ٹھیکیدار ارشاد علی ڈھری کو ایڈوانس کے طور پر رقم جاری کردی تھی، جس میں محکمہ روڈز کے افسران، ایس ڈی او، انجینئر بھی ملوث ہیں۔ بھٹ شاہ موری سے اللہ والا چوک تک بنائے جانے والی سڑک میں بھی بڑے پیمانے پر کرپشن کی جارہی ہے، نیب اور اینٹی کرپشن بھی مکمل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ، کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ سے مطالبہ کیا ہے کہ بااثر ٹھیکیدار کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جو سرعام سڑک کے کام میں ناقص پتھر استعمال کررہا ہے اور ادھورے کام جلد سے جلد مکمل کیے جائیں۔