بدین، پولیس کی کارروائیاں، اشتہاری سمیت 3 ملزمان گرفتار

21

بدین (نمائندہ جسارت) پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کر کے ایک اشتہاری سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، منشیات اور ایک موبائل فون برآمد، مقدمات درج۔ ایس ایس پی بدین شبیر احمد سیٹھار کی ہدایات پر ضلع بھر میں روپوش و اشتہاری ملزمان، جرائم پیشہ اور منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایس ایچ او تھانہ بدین انسپکٹر محمد انور لغاری مع اسٹاف نے دورانِ گشت کارروائی کر کے جرائم پیشہ ملزم محمد علی ملاح کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور 2 عدد رائونڈ برآمد کرلیے گئے ہیں۔ مزید کارروائی کے دوران گٹکا فروش ملزم اویس جمالی کو 525 سفینہ گٹکا سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ ٹنڈو باگو سب انسپکٹر علی اصغر شاہ مع اسٹاف نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کر کے نارکوٹکس ایکٹ کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم اعجاز علی ماچھی کو گرفتار کرلیا ہے۔ انچارج ڈی آئی سی نے کچھ روز قبل عبدالمجید ببر کا گمشدہ موبائل فون ٹریس کرکے برآمد کرلیا، جبکہ عبدالمجید ببر کو ایس ایس پی آفس میں بلاکر انہیں موبائل فون واپس کردیا گیا۔