حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ نے سول اسپتال حیدرآباد کے امراض قلب کے شعبے میں بین الاقوامی طرز کے انٹر وشنل کارڈک یونٹ کا افتتاح کیا اور فوری طورپر ایک مریض کی دل کی انجیو گرافی بھی کی گئی۔ جدید طرز کے اس یونٹ کے قیام کا مقصد غریب مریضوں کو دل کی انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی اور علاج کی دیگر سہولیات مہیا کرنا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو، اے ایم ایس پیرا ڈاکٹر شوکت لاکھو، پروفیسر عبدالغفار میمن، پروفیسر ڈاکٹر فصیح ہاشمی، ڈاکٹر کاشف شیخ، سینئر فارمیسز حفیظ شر اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر صدیق پہوڑ نے کہاکہ صوبائی حکومت کے تعاون سے سول اسپتال حیدرآباد اور جامشورو میں علاج کے لیے یونٹس بنائے گئے ہیں، جن میں جدید طرز کی ٹیکنالوجی کے ذریعے علاج کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب چونکہ بیماریوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اس لیے سول اسپتال جہاں پر حیدرآباد سمیت 15 اضلاع کے غریب مریض علاج کے لیے آتے ہیں، انہیں انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی بھی دوبارہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں علاج کرانا مشکل ترین ہوتا جارہا ہے، اس لیے صوبائی حکومت اور خاص طور پر صوبائی وزیر صحت کی ترجیح ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں زیادہ سے زیادہ علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں اور اسی کے پیش نظر سول اسپتال حیدر آباد اور جامشورو میں نہ صرف بین الاقوامی وبا کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کا علاج جدید طریقوں سے کیا جارہا ہے بلکہ عام بیماریوں میں بھی مریضوں کو جدید سے جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔