انٹرڈسٹرکٹ سندھ کی فاتح ہاکی ٹیم کے اعزاز میں تقریب

55

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ اسپورٹس بورڈ کی معاونت سے شکار پور میں انڈر 25 انٹر ڈسٹرکٹ سندھ جیتنے والی کراچی ایسٹ ہاکی ٹیم کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی.جس کے مہمان خصوصی اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر سندھ سیکریٹری سید امتیاز علی شاہ تھے۔ مہمان خصوصی اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرسندھ سیکریٹری سید امتیاز علی شاہ نے اسپیشل کیش پرائز ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اسلم خان نیازی کو دیا جبکہ کھلاڑیوں کو بھی 10,10 ہزار روپے کیش پرائز دیا اور تعریفی اسناد دیں۔اسکے علاوہ پشاور میں انڈر 16 بوائز قومی ہاکی چیمپیئن شپ میں شرکت کیلئے سلطان محمود اور ارباز ایاز کو بحیثیت سندھ ٹیم پلیئر نمائندگی کیلئے جہاز کے ٹکٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی سیکریٹری یوتھ اینڈ افیئر سید امتیاز علی شاہ نے کہاکہ وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل سردار بنگل خان مہر کی ہدایات کے مطابق سندھ میں ہاکی و دیگر اسپورٹس کے فروغ کے حوالے سے مختلف منصوبے پائپ لائن میں ہیں،اسکے علاوہ بہت جلد اسپورٹس پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔سردار بنگل خان مہر کی خصواسی ہدایات پر کے ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے حوالے سے بلو آسٹروٹرف،الیکٹرانک اسکور بورڈ اور پلیئرز کیلئے ہاسٹل کے حوالے سے جلد کام شروع کردیا جائے گا۔کے ایچ اے پیٹرن انچیف وائس ایڈمرل( ر) عارف اللہ حسینی نے کہا کہ کراچی ایسٹ ہاکی ٹیم نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا جس کیلئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔صوبائی وزیر شہلا رضا نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ کراچی ایسٹ کی ٹیم انڈر 25 انٹر ڈسٹرکٹ کی چیمپیئن رہی ہے، میں خود کراچی ایسٹ کی رہائشی ہوں، اس لئے مجھے مزید خوشی ہوئی ہے،ایک عرصے بعد کراچی میں قبضہ مافیا سے گرائونڈ خالی کرائے جارہے ہیں، اس سے قومی کھیل کے فروغ کیلئے مزید مواقع سامنے آئیں گے۔آخر میں کے ایچ اے چیئرمین گلفراز احمد خان نے کراچی ایسٹ ہاکی ٹیم کو جیت کی مبارکبا پیش کی اور تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔