زرداری دورکے خاتمے کے ساتھ اپوزیشن اپنی مہم میں ناکام ہوگی، اسد عمر

174

سکھر: وفاقی وزیر برائے  منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر  کا کہنا ہے کہ زرداری دورکا خاتمہ ہونے جارہا ہے، جلد اپوزیشن اپنی مہم میں ناکام ہوگی، سندھ میں جو مسائل ہمیں گنوائے جارہے ہیں وہ صوبائی حکومت کی ذمہ داریوں میں آتے ہیں۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ شادی تقریب کے لیئے زرداری خاندان نے مختصر لوگ بلائے جبکہ  جلسوں میں ہزاروں لوگوں کو بلایا جا رہا ہے،  لیڈر بلاول خود قرنطینہ ہوگئے ہیں اور عوام کو خطرے میں ڈالا جا  رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  نواز شریف کو دعوت دے رہے ہیں کہ وہ پاکستان واپس آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں، بھاگنے یا چھپنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، مگرسنا  ہے کہ  وہ واپس آنے کو تیار نہیں،والدہ کے انتقال کے باعث  شہباز شریف کو پیرول پر رہا کیا گیا ہے۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے،سندھ میں  مہنگائی پیپلز پارٹی کی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہے،  جزائر پر جدید شہر کی تعمیر اور ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے سندھ حکومت نے خود این او سی دی ہوئی ہے،سندھ حکومت کے بعد ہی آرڈیننس جاری ہوا تھا۔