شریف برادران کی والدہ کا جسد خاکی جاتی امرا پہنچا دیا گیا

134

نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت جاتی امرا شریف میڈیکل کمپلیکس پہنچا دی گئی، نواز، شہباز شریف کی ہمشیرہ کوثر بھی میت کے ساتھ لندن سے لاہور پہنچیں.

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے میت کو وصول کیا، بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ دوپہر ڈیڑھ بجے نماز ظہر کے بعد شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جائے گی اور جاتی امرا قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا.

نوازشریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ گزشتہ روز ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں نوازشریف، اسحاق ڈار، حسن نواز، حسین نواز، سلمان شہباز اور علی ڈار، علی عمران سمیت خاندان کے 30 افراد کو کورونا ایس او پیز کے تحت شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر 22 نومبرکو لندن میں انتقال کرگئی تھیں.

واضح رہے کہ گزشتہ روز  پنجاب حکومت نے بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال کے باعث اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی منظوری دی تھی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔