قومی کھلاڑیوں کی بے احتیاطی: دورہ نیوزی لینڈ منسوخ ہونے کا خطرہ

224

قومی کھلاڑیوں نے کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دیں جس کے باعث پاکستان کے دورہ نیوزی لینڈ پر منسوخی کے سائے منڈلانے لگے.

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ایک اور کورونا ایس او پی کی خلاف ورزی کی تو پوری ٹیم کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا.

کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پاکستانی کھلاڑی ہوٹل میں آپس میں گھلتے ملتے رہے اور کھلاڑیوں نے ماسک کا استعمال بھی نہیں کیا، قومی کھلاڑیوں نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کھانا بھی شئیر کیا.

کرک انفو کا کہنا ہے کہ محمد عباس، عابد علی اور دانش عزیز کورونا سے متاثر ہیں جبکہ سرفراز احمد، روحیل نذیز، نسیم شاہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے.

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں پر صورتحال واضح کردی ہے، یہ ملکی ساکھ کامعاملہ ہےقرنطینہ میں رہ کرسخت حالات برداشت کرلیں.

واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے جانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے 55 رکنی اسکواڈ کا کرائسٹ چرچ پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں قومی ٹیم کے 6 ارکان کا کورونا مثبت آیا تھا.

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اسکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے دن ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اور جن 6 ارکان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان میں 2 ارکان پہلے بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں.