پی ڈی ایم کے جلسے کے باعث پشاور میں کورونا مزید پھیلا: کامران بنگش

144

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے پشاور میں کورونا کیسز میں اضافے کا ذمہ دار اپوزیشن کو ٹھہرا دیا۔

معاون خصوصی کامران بنگش نے اپنے بیان میں کہا کہ پشاور شہر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال تشویشناک ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کے بعد شہر میں کورونا کا پھیلاؤ تیز ہوا۔

کامران بنگش نے کہا کہ جلسہ منتظمین، قیادت اور کارکن کورونا وائرس پھیلاؤ کا موجب بنے۔ جلسہ کورونا پھیلاؤ کی وجہ بنا۔

معاون خصوصے برائے اطلاعات نے کہا کہ قومی ذمہ داری کا تقاضا ہے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ اپوزیشن کے غیر ذمہ دارانہ رویہ سے ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ 30 نومبر کو ملتان میں سیاست قوت کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیاریوں میں مصروف ہے جب کہ ملتان انتظامیہ نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

اپوزیشن کا کہنا ہے کہ وہ ہر حال میں جلسہ کریں گے۔ حکومت کورونا کی آڑ میں اپوزیشن کی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔