اسٹیڈیم کے تالے توڑنے والوں کے ہاتھ توڑیں گے، فردوس عاشق

62

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملتان میں شرپسند عناصر ریاست کی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں اور اسٹیڈیم کے تالے توڑنے والوں کے ہاتھ توڑیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا نے ملک میں پنجے گاڑ دیے ہیں، حکومت اور عدالتیں اس وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے فیصلے کر رہی ہیں لیکن پی ڈی ایم عدالتی حکم کا جنازہ نکال
رہی ہے ، نادان دوست اپنے خلاف مقدمات سے جان چھڑانے کے لیے عوام کو مقدمات میں پھنسانا چاہتے ہیں ، ملتان میں بھائی چارے کی فضا کو خراب کیا گیا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملتان میں شرپسند عناصر قانون کے منہ پر طمانچہ مار کر ریاست کی رٹ کو چیلنج کر رہے ہیں، ان عقل کے اندھوں کو سمجھ نہیں کہ حکومت کے پاس آئینی اور قانونی تحفظ موجود ہے اور یہ شرپسندی روکنے کی طاقت ہے لیکن حکومت عوام پر تشدد کرکے خوش نہیں ہوسکتی، پولیس سے شرپسندوں کی کٹھ پتلیاں اور سہولت کار الجھ رہے ہیں لیکن قانون اس شرپسندی کو روکے گا اور اپنا راستہ بنانے جا رہا ہے۔