ملک غفلت کا متحمل نہیں ہوسکتا، اپوزیشن روش بدلے، صدر مملکت

64
کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے رکن قومی اسمبلی کشور زہرا ملاقات کررہی ہیں

کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں ملکی مفاد کے پیش نظر اپوزیشن کو اپنی روش بدلنا ہوگی، کورونا کی دوسری لہر میں بے احتیاطی کا پاکستان متحمل نہیں ہوسکتا، حکومت فلاحی ریاست کو مدنظر رکھتے ہوئے درست اقدامات کررہی ہے، کورونا کا پاکستان نے بہتر مقابلہ کیا اور معیشت بہتری کی طرف جانب گامزن ہے، کورونا وبا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں یونیورسٹیوں کیلیے ورچوئل تعلیم کے ذریعے معیار تعلیم کو بڑھانے کا سنہری موقع ہے، یونیورسٹیوں کے وژن کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت ہے۔ یہ باتیں انہوں نے وائس چیئرمین پنجاب وزیراعلیٰ شکایت سیل ناصر سلمان، چیئرمین پراس بریگیڈیئر(ر) شاہجہان اور کرنل(ر) اعظم سے ملاقات اور حاجی
حنیف طیب کی صدارت میں ملنے والے سول سوسائٹی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد سے ملاقات کے دوران صدر مملکت کو وفاقی اردو یونیورسٹی برائے آرٹس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو درپیش مسائل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آن لائن تعلیم کی ضرورت کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ کورونا نے پاکستان میں آن لائن تعلیم کی اہمیت کو آشکار کیا ہے، اس ضمن میں ورچوئل یونیورسٹی ارزاں اور معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو بھی آن لائن تعلیم کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برین ڈرین اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی عدم توجہی کا نتیجہ ہے، یونیورسٹیوں کے وژن کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ بنا کر اس صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے وفاقی اردو یونیورسٹی میں چربہ سازی کی روک تھام اور بہترین علوم کے ترجمے کے ذریعے اردو زبان کو فروغ دینے کی تاکید کی اور کہا کہ اس اقدام سے ناخواندگی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔

کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے رکن قومی اسمبلی کشور زہرا ملاقات کررہی ہیں