فلائٹ لیفٹیننٹ(ر) خاقان مرتضیٰ ڈی جی سول ایوی ایشن تعینات

62

راولپنڈی (آن لائن) وفاقی حکومت نے کچھ عرصے سے خالی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کے اعلیٰ عہدے پر فلائٹ لیفٹیننٹ(ر) خاقان مرتضیٰ کو تعینات کردیا، چیف ایگزیکٹو پی آئی اے کا حکومتی اقدام کا خیر مقدم۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے اس وقت سندھ حکومت کے تحت تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 21ویں گریڈ کے افسر فلائٹ
لیفٹیننٹ(ر) خاقان مرتضیٰ کو سول سرونٹ ایکٹ 1973ء کی دفعہ 10 کے تحت تعینات کیا ہے، جس کا اطلاق فوری ہوگا اور مزید کسی احکامات تک رہے گا۔ خاقان مرتضیٰ اس وقت گورنر سندھ کے پرنسپل سیکرٹری کے طور پر کام کر رہے ہیں اس کے علاوہ وہ سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر بھی ہیں۔ادھر پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ائرمارشل ارشد ملک نے تعیناتی کا خیر مقدم اور خاقان مرتضیٰ کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا یہ قدم ایوی ایشن انڈسٹری کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگا ساتھ ہی ملک میں چلنے والی تمام ائرلائنز سی اے اے کے ساتھ تعاون میں معاملات کو آگے لیکر چلیں گی۔