سول ایو ایشن کی بد انتظامی ، پاکستان پر عالمی پابندیاں سخت ہونے کا خدشہ

61

 

اسلام آباد/کراچی(صباح نیوز/اسٹاف رپورٹر) سول ایوی ایشن کی بدانتظامی کے باعث پاکستان پر عالمی پابندیاں مزید سخت ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ نجی ٹی وی کیمطابق ایوی ایشن سے متعلق بین الاقوامی ادارے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن(اکائو)کو پاکستان میں سول ایوی ایشن کے ضروری حفاظتی اقدامات پر خدشات ہیں، پاکستانی سول ایوی ایشن حکام اکائو کے تحفظات دور کرنے میں ناکام ہوگئی ۔ اس کے علاوہ پائلٹس کی ٹریننگ اور لائسنسنگ سے متعلق خدشات بھی دور نہیں کیے گئے۔ جس پر اکائو نے سیفٹی تحفظات پر سول ایوی ایشن کو دوسرا
نوٹس جاری کر دیا۔اکائو کی جانب سے سی اے اے کو سیفٹی تحفظات دور کرنے کی آخری ڈیڈ لائن دے دی گئی جس کے تحت 3 ماہ میں سیفٹی تحفظات دور نہ ہونے پر اکا ئوپاکستان سے متعلق تمام ممبر ممالک کو خصوصی ہدایات جاری کرے گا، اگر تحفظات دور نہ کیے گیے تو عالمی سفری پابند یاں مزید سخت کی جائیں گی۔علاوہ ازیں سول ایوی ایشن اتھارٹی میں ڈی جی سی اے اے کی تعیناتی کے بعد بڑے پیمانے پر انتظامی تبدیلیوں کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر ،جی ایم کمرشل کے دفاتر کراچی منتقل کیے جائیں گے، مستقل ڈی جی نہ ہونے دفاتر اسلام آباد منتقل کیے گئے تھے، ایک سے زاید عہدوں پر تعینات افسران کی بھی ازسرنو تعیناتیاں کی جائیں گی۔بڑے ائرپورٹس پر سینئر اور تجربہ کار ائرپورٹ منیجر کی تعیناتی بھی زیر غور آئی ، اہم عہدوں پر تعینات جونیئر افسران کو واپس ان کے عہدوں پربھیج دیا جائے گا۔ردو بدل ڈی جی سی اے اے کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد کیا جائے گا۔