کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں پولیس کے مبینہ مقابلے اور تشدد سے شہریوں کی ہلاکت کے واقعات ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے۔رواںبرس 2020ء کی بات کی جائے۔ رواں سال بھی ایسے چند واقعات رونما ہوئے ہیں۔ ڈھائی ماہ پہلے نیوکراچی صنعتی ایریامیں ہوئے مبینہ پولیس مقابلے میں پولیس ایک منشیات فروش کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا جو کہ بعد میں عام شہری ثابت ہوا تھا۔ اکتوبر کے آغاز میں کورنگی صنعتی ایریا میں 15مددگارپولیس کے مبینہ مقابلے میں دو مزدور جاں بحق اور تین زخمی ہوئے۔ گزشتہ ماہ کے آخر میں سہراب گوٹھ پولیس کی حراست میں موجود ملزم کو مبینہ طور پر رشوت نہ دینے پر پولیس نے تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا اور وجہ موت ہارٹ فیل قرار دینے کی کوشش کی تھی۔ رواںماہ سہراب گوٹھ پولیس نے مبینہ مقابلے تین نوجوان کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا تاہم بعد میں تینوں ہی طالب علم ثابت ہوئے تھے۔