سعودی عرب کی قطر سے تنازع حل کرنے کی کوشش

65

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب نے امریکا میں نئی حکومت کی خواہشات پیش نظر قطر سے تنازع حل کرنے کی کوششیں شروع کر دیں۔ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی امریکی انتخابات میں شکست کے بعد سعودی عرب نے قطر کے ساتھ 3 سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے تنازع کے حل کے ہاتھ پیر مارنا شروع کردیے ہیں۔ تجزیہ کاروں نے ولی عہد محمد بن سلمان کے اقدام کو نومنتخب صدر بائیڈن کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے جون 2017ء میں قطر سے سفارتی اور سفری تعلقات ختم کرکے بائیکاٹ کردیا تھا۔ دوحہ حکومت پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ انتہاپسند گروہوں کی سرپرستی کرکے انہیں فنڈنگ کررہی ہے۔