کورونا بھارت میں پھوٹا ،چینی سائنسدانوں کا دعویٰ

76

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کے سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت وہ ملک ہے جہاں سے کورونا وائرس پوری دنیا میں پھیلا ہے۔ بھارت میں ہندی زبان میں شائع ہونے والے اہم اخبار ’’نو بھارت ٹائمز‘‘ نے برطانوی اخبار ’’دی ڈیلی میل‘‘ کے حوالے سے یہ انکشاف شائع کیا ہے۔ اس خبر کے مطابق چین کی اکیڈمی آف سائنسز کے سائنس دانوں کی ایک ٹیم کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر کورونا وائرس 2019ء کے موسم گرما میں بھارت میں پیدا ہوا تھا۔ چینی سائنس دانوں کا دعویٰ ہے کہ کورونا وائرس جانوروں کے ذریعے گندے پانی سے انسانوں تک پہنچا۔ اس کے بعد یہ بھارت سے چین کے ووہان پہنچا، جہاں اس کی پہلی بار شناخت کی گئی۔ چینی سائنس دانوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت کے صحت کے خراب نظام اور نوجوان آبادی کی وجہ سے کورونا وائرس کئی مہینوں تک بغیر کسی تشخیص کے لوگوں کو متاثر کرتا رہا ہے۔ تاہم دیگر ممالک کے سائنس دانوں نے چینی سائنس دانوں کے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ برطانیہ میں گلاسگو یونیورسٹی کے ماہر ڈیوڈ رابرٹسن نے کہا ہے کہ چینی سائنس دانوں کی تحقیق ناقص ہے اور اس سے کورونا وائرس سے متعلق معلومات میں اضافہ نہیں ہوتا ہے۔ فی الحال عالمی ادارئہ صحت چین میں کورونا وائرس کا ذریعہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے اس کے لیے ایک تحقیقاتی ٹیم چین بھیجی ہے۔ کورونا وائرس کے انفیکشن کا پہلا کیس گزشتہ سال دسمبر میں چین کے صوبہ ووہان میں سامنے آیا تھا۔ امریکا چین پر کورونا وائرس پھیلانے کا الزام لگاتا رہا ہے۔