پی ٹی آئی کی سونامی،ناکامی کے بعد بدنامی بن چکی ، قیصر شریف

39

لاہور(نمائندہ جسارت) مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے عوام کو ڈپریشن میں مبتلا کر دیا ہے آدھی درجن مافیاز کی حکومت سے ملک کا دیوالیہ نکلنے کا خطرہ ہے۔عمران خان کے حکومت کو ڈھائی سال گزر چکے مگر عوام سے کیا گیا کوئی وعدہ تاحال پورا نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کاش حکومت کو ہاتھی جتنا پیار عوام سے بھی ہوتا مگر عوام کو پریشان حال چھوڑا ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار
انہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قیصر شریف نے مزید کہا کہ موجودہ عوامی اور ملکی مسائل کا حل اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کا بہترین حل جماعت اسلامی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ملکی معیشت مستحکم ہے اور دوسری طرف اسٹیل مل،پی آئی اے اور ریلوے کے ملازمین کو برطرف کیا جارہا ہے۔قیصر شریف نے کہا کہ عمران خان کے یو ٹرنز کے بعد ڈپریشن ملک کی سب سے بڑی بیماری بن چکی ہے۔ آج ریسٹ ہاؤس گراونڈ تیمرگرہ دیر پائیں میں جماعت اسلامی کا چوتھا بڑا جلسہ ہوگا۔ جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نااہل اور ناکام حکمرانوں کے خلاف ملک بھر کے عوام کو منظم اور متحرک کرے گی۔ حکومت مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی۔ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیاہے۔ غریب کے گھر کا چولہا بجھ چکا ہے اور غربت کے مارے عوام کی فریاد سننے والا کوئی نہیں۔ معیشت کابھٹہ بیٹھ گیاہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے اب تک 35 لاکھ لوگوں سے روزگار چھین لیاہے۔انہوں نے کہا کہ اب اس نااہل ٹولے کے واپس جانے میں ہی ملک اور قوم کا فائدہ ہے جب تک اس ٹولے کی واپسی نہیں ہوتی جماعت اسلامی کی عوامی تحریک جاری رہے گی۔