صوابی میں زمین کا تنازع : جرگے کے دوران فائرنگ ،8 افراد ہلاک

65

 

صوابی (اے پی پی) صوابی میں جرگے کے دوران فریقین کی فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ نجی ٹی وی چینلز کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کو صوابی میں چھوٹا لاہور کے علاقے میں جرگے کے دوران فائرنگ سے 8 قیمتی جانیں چلی گئیں، فریقین کے درمیان زمین کا تنازع تھا، سابق ایم پی اے کے حجرے میں فریقین کے درمیان تنازع کو ختم کرنے کیلیے جرگہ بلایا گیا تھا جہاں فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کردی، 6 افراد موقع پر ہلاک جبکہ 2 زخمی افراد اسپتال میں چل بسے۔ پولیس حکام کے مطابق مقتولین میں دونوں گروپوں کے افراد شامل ہیں، ہلاک ہونے والے 5 افراد کا تعلق ایک فریق جبکہ 3 کا تعلق دوسرے فریق سے ہے۔ پولیس نے اطلاع ملتے ہی تفتیش شروع کردی اور ملزمان کو گرفتار کرنے کیلیے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کے آپریشن شروع کردیا۔