شریف برادران کی والدہ سپرد خاک ، نماز جنازہ راغب نعیمی نے پڑ ھائی

87

 

لاہور (نمائندہ جسارت) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اورمسلم لیگ (ن) کے صدرمحمد شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جاتی امرا رائے ونڈ میں شوہر میاںمحمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کر دیاگیا، جامعہ نعیمیہ کے مہتم اعلیٰ علامہ راغب حسین نعیمی نے مرحومہ کی نماز جنازہ پڑھائی اور فاتحہ خوانی کرائی۔ نمازجنازہ میں شہباز شریف ، حمزہ شہباز ، صدر آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر شریف فیملی کے عزیز و اقارب ،سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مرکزی و صوبائی رہنمائوں، کارکنوںسمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات
نے شرکت کی ، مرحومہ کی رسم قل آج (اتوار) جاتی امرارائے ونڈ میں ادا کی جائے گی جس میں صرف شریف خاندان کے افراد اور قریبی عزیز و اقارب شریک ہوںگے۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت برٹش ائیر ویز کی پرواز بی اے 259کے ذریعے لندن سے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائر پورٹ لائی گئی۔ میت کے ساتھ شریف برادران کی ہمشیرہ اوربہنوئی سمیت دیگر رشتہ داربھی لندن سے لاہور پہنچے۔ نماز جناز ہ سے کچھ دیر قبل بیگم شمیم اختر کی میت کو ایمبولینس کے ذریعے سرد خانے سے جاتی امرا رائے ونڈ ان کی رہائشگاہ پر لایا گیا جہاںپر شریف خاندان کے افراد ، عزیز واقارب اورپارٹی کی خواتین رہنمائوںنے ان کا آخری دیدار کیا۔ میت کو کچھ دیر جاتی امرا رائے ونڈ میں رکھنے کے بعد دوبارہ ایمبولینس کے ذریعے شریف میڈیکل سٹی کے سرد خانے میں رکھ دیا گیا اور نماز ظہر کی ادائیگی کے فوری بعد میت کو نماز جنازہ کیلیے مختص جگہ شریف میڈیکل سٹی کی گرائونڈ میں لایا گیا۔ منتظمین کی جانب سے جناز گاہ کو نشانات اور خاردار تاریں لگا کرتین حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ جامعہ نعیمیہ کے مہتم اعلیٰ علامہ راغب حسین نعیمی نے مرحومہ کی نماز جنازہ پڑھائی اور فاتحہ خوانی کرائی۔ نماز جنازہ میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز ، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر ، راجا ظفر الحق ،شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال، پرویز رشید ، راناثنااللہ ،انجینئر خرم دستگیر ، خواجہ سعدرفیق، اقبال ظفر جھگڑا، رامیر مقام، عطا اللہ تارڑ،پرویز ملک، غلام احمد بلور، جاوید ہاشمی،، محمد زبیر ،خواجہ محمد آصف سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں،مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، کارکنوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میت کو دوبارہ جاتی امرا لے جایا گیا جہاں پر مرحومہ کوشوہر میاںمحمدشریف کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ شریف فیملی ذرائع کے مطابق مرحومہ بیگم شمیم اختر نے اپنی زندگی میں ہی اپنے بیٹوں کو وصیت کر رکھی تھی کہ انہیں مرنے کے بعد ان کے شوہر میاں شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق بیگم شمیم اختر اپنی زندگی میں ہی اپنی قبر کی جگہ کی نشاندہی کرچکی تھی۔ جسے فرما بردار بیٹوں نے پورا کیا۔ تدفین کے موقع پر شہباز شریف ، حمزہ شہباز سمیت شریف خاندان کے افراد اورقریبی عزیز وا قارب موجود تھے۔تدفین کے عمل کے بعد ایک بارپھر مرحومہ اور شریف خاندان کے دیگر مرحومین کیلیے اجتماعی دعا کرائی گئی۔ علاوہ ازیں بیگم تہمینہ دولتانہ،شائستہ پرویز ملک، مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، سائرہ افضل تارڑ سمیت پارٹی کی دیگر خواتین رہنما جاتی امرا رائے ونڈ پہنچیں اور انہوں نے مریم نواز سے اظہار تعزیت کیا۔