بلدیہ جیکب آباد کا عملہ گھر بیٹھے تنخواہ لے رہا ہے، صابر بروہی

52

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) انتظامیہ کورونا کی وجہ سے دکان اور اسکول بند کروا رہی ہے، شہر میںگندگی کا خاتمہ اور صفائی کون کروائے گا، جیکب آباد کے افضل کھوسو روڈ پر ایک ماہ سے سیوریج کا پانی جمع، صفائی عملہ رشوت دے کر گھر بیٹھے تنخواہ لے رہا ہے، شکایات کا ازالہ نہیں کیا گیا، مکینوں کا احتجاج۔ جیکب آباد کے افضل خان کھوسو روڈ پر ایک ماہ سے سیوریج کا گندا پانی تالاب کی صورت میں جمع ہے، جس کے باعث علاقہ مکین سخت پریشان ہیں، بلدیہ حکام کو شکایت کے باوجود صفائی نہیں کی گئی ہے۔ علاقہ مکین غلام صابر بروہی، میر پنہور، ایاز سومرو اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ کا صفائی عملہ انچارج کو رشوت دے کر گھر بیٹھے تنخواہ لے رہا ہے، ڈیوٹی نہیں کررہا، جس وجہ سے علاقے میں گندگی پھیل گئی ہے، صفائی عملے کا انچارج رشوت لے کر عملے سے ڈیوٹی نہیں لیتا اور ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کی شکایت کا ازالہ کرنے کو تیار نہیں۔ اسٹریٹ لائٹ بھی خراب اور ایک ماہ سے بند پڑی ہیں۔ بلدیہ ایڈ منسٹریٹر اس کا نوٹس لیں بصورت دیگر بلدیہ آفس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔