میرپور خاص، پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث دو ملزمان گرفتار

61

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) شہید پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث دو نامعلوم شریک ملزمان گرفتار۔ پولیس اہلکار کی شہادت کے بعد روپوش ہونے والے ملزمان کو برق رفتاری سے گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش۔ 22 نومبر 2020ء کو پولیس کانسٹیبل میر محمد ناریجو کو دوران ڈیوٹی مشکوک افراد نے چیکنگ کے دوران فائرنگ کر کے شہید کردیا تھا۔ موقع واردات پر ملنے والی شہادت اور مدعی کے بیان کے مطابق دو نامعلوم حملہ آور ملوث تھے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی میرپور خاص کی ہدایات پر فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ایس آئی عنایت علی زرداری سی آئی اے نے انسپکٹر غلام حسین سدھایو کی تکنیکی مدد سے ہمراہ تفتیشی افسر انسپکٹر افضل مگسی نے ناصرف دونوں نامعلوم ملزمان کا سراغ لگایا بلکہ دونوں ملوث ملزمان کو ایک کارروائی کرتے ہوئے ریلوے اسپتال کے قریب سے گرفتار کرلیا۔ مقدمے میں ملوث افراد عمیر عرف بابر قریشی، حسنین قریشی دونوں سگے بھائی ہیں جو کافی عرصے سے کراچی میں مقیم تھے اور واردات والے دن میرپور خاص پہنچے تھے۔ اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس ٹیم کی برق رفتاری سے ملزموں کو بے نقاب کرنے اور ان کا سراغ لگانے پر ایس ایس پی میرپور خاص نے پولیس ٹیم کو شاباش دی اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔