سانگھڑ، انتظامیہ نے ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دیں

52

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے کورونا ایس او پیز کی دھجیاں بکھیر دیں، اے ایس پی جاوید حسین بھٹی کی الوداعی تقریب ایس ایس پی ہاؤس پر منعقد کی گئی، سماجی فاصلے کا بھی خیال نہیں کیا گیا۔ عوام کو ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر جرمانے اور کورونا سے بچاؤ کا درس دینے والے خود عملدرآمد نہیں کررہے، عوامی رد عمل۔ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہوں نے ایس او پیز کی دھیجاں بکھیر کر رکھ دیں، اے ایس پی جاوید حسین بھٹی کی الوداعی تقریب کا پروگرام ایس ایس پی ہاؤس میں منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں ڈی سی سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ، ایس ایس پی عثمان غنی صدیقی، ڈی ایس پی سنجھورو آصف آرائیں، اسسٹنٹ کمشنرز علاقہ ایس ایچ اوز اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سوائے ڈی سی عمران الحسن خواجہ کے کسی بھی بالا افسران نے ماسک پہننا گہوارہ تک نہیں کیا بلکہ سماجی فاصلے کا بھی خیال نہیں رکھا گیا جبکہ ایس ایس پی عثمان غنی صدیقی خود کورونا مریض رہ چکے ہیں، دیگر ایس او پیز میں سینی ٹائزر کا استعمال بھی دیکھنے میں نہیں آیا۔ پارٹی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو عوامی رد عمل سامنے آگیا۔ عوامی حلقوں نے کہا کہ ایس او پیز کا درس دینے والے اور قانون کے رکھوالے قانون شکن بن گئے ہیں جبکہ ماسک نہ پہننے پر عوام کو جرمانے اور لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کرانے میں عوام کو بھاشن دینے والوں نے وفاقی اور سندھ حکومت کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا۔ ایسی صورتحال میں عوام کس طرح ایس او پیز پر عملدرآمد کرسکتی ہے جبکہ انتظامیہ خود ایس او پیز کی دھجیاں بکھیرتی دکھائی دیتی ہیں۔