سی پیک بلوچستان اور سندھ کو نظر انداز کیا گیا ، عبدالرئوف مینگل

56

 

شکارپور (نمائندہ جسارت) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما سابق ایم این اے و بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹر کمیٹی کے ممبر میر عبدالرئوف جان مینگل کا پارٹی وفد میر محمد صادق مینگل سابق صدر خضدار، میر غلام رسول مینگل، سابق صدر ضلع کوئٹہ، سینئر رہنما عبدالغنی مینگل، بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر میر عبدالغفور مینگل اور سندھ بروہی اتحاد لاڑکانہ ڈویژن کے صدر محمد نواز بروہی، میر حاجی محمد الیاس مینگل، بی این پی نصیر آباد کے ضلعی صدر ڈاکٹر شاہ نواز مینگل، ایڈووکیٹ حسین بخش بروہی، محمد صدیق بروہی، ڈاکٹر بشیر احمد بروہی، ابراہیم جان مینگل، میر مرزا مینگل، ممتاز مینگل، ظہور جان مینگل، نصیب اللہ مینگل کے ساتھ شکارپور کا دورہ۔ اس موقع پر بروہی ہاؤس شکارپور پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ، بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہی ہے، ہمارے کوسٹر پیٹ پر قبضہ کیا جارہا ہے اور وفاق کے تحت اس کو دیا جارہا ہے، ہم کہتے ہیں فیڈریشن اس صورت میں کامیاب ہوگی جب اس کے چاروں ستون مضبوط ہوں گے تو وہ چھت کامیاب ہوگی تو ہم سمجھ رہے ہیں کہ صوبوں کو مکمل خود مختاری دی جائے اگر صوبوں کو چھیڑا گیا یا ان کے حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا، 18ویں ترمیم کو واپس کیا گیا تو یہاں وہ مسائل جنم لیں گے جو نہ ہمارے ہاتھ میں ہوں گے نہ ان لوگوں کے ہاتھ میں جو یہ سوچ رہے ہیں کہ پھر یہاں پر مست قلندر ہوگا، جس کی تمام تر ذمے داری وفاقی حکومت اور وفاقی اداروں پر ہوگی۔ بلوچستان کے بعد شکارپور سندھ ہمارا دوسرا گھر ہے۔ بلوچستان میں جو قومیں رہتی ہیں، وہ سندھ میں بھی رہتے ہیں، سندھ دھرتی سے ہماری محبت ہے۔ سندھ ادیبوں، علماء کرام، مفکرین کا صوبہ ہے، میں یہاں برادری سمیت دیگر مسائل حل کرنے کے لیے یہاں آیا ہوں۔ آج پی ڈی ایم کا ملتان میں جلسہ عام ہے، جس میں ڈیرہ مراد جمالی، جیکب آباد، شکارپور، سکھر سب کو دعوت دے رہے ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ اس جلسے میں شرکت کریں کیوں کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرادر اختر جان مینگل شرکت کر کے اہم خطاب کریں گے۔ جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی اور انصاف کے لیے امن و امان اور صحت مہنگائی کے حوالے سے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر اکٹھے ہیں۔ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہوگیا ہے، ترقیاتی کام نہیں ہورہے۔ سی پیک کے حوالے سے بلوچستان اور سندھ کو نظر انداز کیا گیا ہے، تمام پیسے پنجاپ کی طرف خرچ ہورہے ہیں، ہم کوشش کررہے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے تمام صوبوں کو برابری کی بنیاد پر حق دیا جائے اور تمام مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کی جائے۔