محمد بن قاسم ہمارا دینی وقومی قدیم ورثا اور اثاثہ ہے، اصغر مجاہد

32

سکھر (نمائندہ جسارت) برصغیر پاک وہند کی قدیم مسجد محمد بن قاسم سندھ کی قدیم ریاست اروڑ میں قائم ہے جس کے آثار آج بھی موجود ہیں، جہاں پانچ وقت نماز اور جمعۃ المبارک کی باقاعدہ نماز ادا کی جاتی ہے مگر اس کے خطیب مولانا نبی بخش بھٹی کئی ماہ سے سخت بیمار ہیں، جس پر قدیم مسجد محمد بن قاسم کی جماعت نے مولانا بھٹی کی علالت پر تنظیم فکر و نظر سندھ کی انتظامیہ کیخلاف مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ مظاہرین نے سخت احتجاج کیا کہ مولانا کو کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جارہی ہیں اور نہ ہی مسجد کا کام کرایا جارہا ہے، افسوس کی بات ہے کہ حکومت سندھ محکمہ ثقافت نے مسجد کی تعمیر کے سلسلے میں ٹینڈر بھی کرایا تھا وہ کروڑوں روپے کہاں استعمال کیے گئے ہیں اس کا حساب قوم کو دیا جائے، اس خبر پر تنظیم کے صدر پروفیسر اصغر مجاہد میر اور تنظیم فکر و نظرسندھ روہڑی برانچ کے صدر ذوالفقار علی برڑو نے اروڑ پہنچ کر احتجاج ختم کرایا اور مظاہرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محمد بن قاسم ہمارا دینی وقومی قدیم ورثا اور اثاثہ ہے، جسے ہم کسی بھی صورت میں نظر انداز نہیں کرسکتے، اس کی تعمیر کے لیے تنظیم کی تاریخ ساز جدوجہد کی ہے کہ عظیم الشان عہد ساز منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے۔ مولانا بھٹی کی تنخواہیں حسب وعدہ جلد ادا کی جائیں گی اور مولانا کا علاج جلد کرایا جائے گا، آپ کو احتجاج کرنے کا حق ہے، ہم آپ کی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔