ماہانہ فنڈز ملنے کے باوجود یوسیز میںکام نہیں ہورہا، وسیم حسین

45

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) تنظیم (ایم کیو ایم پاکستان) بحالی کمیٹی ڈسٹرکٹ حیدرآباد نیستمبر میں بلدیاتی نظام ختم ہونے کے بعد یوسیز میں کام نہ ہونے پر تشویش کا اظہارکیا ہے، ماہانہ 5 لاکھ ہر یوسی کو ملنے کے باوجود کسی قسم کا کام نہیں ہورہا ۔تنظیم (ایم کیو ایم پاکستان)بحالی کمیٹی مرکزی رکن و ڈسٹرکٹ انچارج سید وسیم حسین مرکزی رکن و سینئر جوائنٹ انچارج شہزاد قریشی و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ جب سے بلدیاتی نظام ختم ہوا ہے حیدرآباد کی 96 یوسیز میں کوئی کام نہیں ہورہا، ہر ماہ یوسیز کو ملنے والے 5 لاکھ کہاں جارہے ہیں پتا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام صورتحال سے حیدرآباد کے عوام سخت پریشان ہیں اور چھوٹے چھوٹے کاموں کے لیے ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں اس پر ستم یہ کہ یوسیز سیکرٹریز بھی غائب ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام ختم ہونے کے بعد اب تک 3 ماہ میں 96 یوسیز کو 14 کروڑ40لاکھ روپے مل چکے ہیں لیکن کسی بھی یوسی میں ایک روپے کا کام نہیں ہوا۔ سید وسیم حسین و اراکین کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے اپیل کی کہ اس تمام صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور یوسیز کے فنڈز کا آڈٹ کرائیں تاکہ عوامی مسائل کا سدباب ہو سکے۔