نیازی حکومت نے ہزاروں افراد کا روزگار چھین لیا،قادر مگسی

23

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی، مرکزی رہنما جام عبدالفتاح سمیجو، ڈاکٹر عبدالحمید میمن، گلزار سومرو، ہوت خان گاڈھی، قادر چنا، ڈاکٹر سومار منگریو، محمد علی ابڑو، ڈاکٹر احمد نوناری، عاشق سولنگی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ نیازی حکومت کی جانب سے اسٹیل مل کے ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والی حکومت نے ہزاروں افراد کا روزگار چھین لیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو آمدنی دینے والے ادارے کو ایک سازش کے تحت تباہ کیا گیا۔ اسٹیل مل جیسے ادارے کو فعال کرنے کے بجائے اس کو فروخت کرنے کی سازش کی، جس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر سندھ کے وسائل کو تباہ کیا جارہا ہے۔ سندھ کے سمندری جزائر پر قبضہ کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر سندھ کے سمندری جزائر پر قبضہ کرنے والا صدارتی آرڈیننس واپس نہ لیا گیا تو سندھ کے عوام مزاحمت کریں گے جس کی ذمے داری وفاقی حکومت پر ہوگی۔