ٹنڈو محمد خان:پولیس کارروائیوں میں7 منشیات فروش گرفتار

63

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی عابد بلوچ کے احکامات، منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری، 7 منشیات فروش گرفتار، چرس، مین پوری، دیسی شراب برآمد۔ ایس ایس پی عابد علی بلوچ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے سٹی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او نے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے، دوران گشت ایوب کنڈرا چوک، ملا کاتیار ریلوے پھاٹک اور واپڈا ریلوے اسٹیشن پر تین منشیات فروشوں اکبر پوسیو، مور کولہی اور امان اللہ پسیو کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 110 گرام چرس، 2300 عدد مین پوریاں، پلاسٹک کے کٹوں سمیت برآمد کر کے سٹی پولیس اسٹیشن میں منشیات ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں۔ تھانہ ٹنڈو غلام حیدر کے ایس ایچ او نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے پتافی پھاٹک، کھوسہ پھاٹک، ججی بس اسٹاپ اور درگاہ بہادر شاہ پر کارروائیاں کرکے 4 شراب فروشوں سنیل کولہی، والجی کولہی، شامو کولہی، کرشن کولہی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 150 لیٹر تیار شدہ دیسی شراب برآمد کرکے تھانہ ٹنڈو غلام حیدر میں منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔