شکارپور :سیشن جج کا جیل کا دورہ ،صفائی نہ ہونے پر اظہار برہمی

35

شکارپور (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شکارپور کی جانب سے ڈسٹرکٹ جیل شکارپور کا اچانک دورہ، ڈاکٹر نہ ہونے اور غیر معیاری ادویات فراہم کرنے پر سخت برہمی کا اظہار، صفائی ستھرانی نہ ہونے کانوٹس، رپور ٹ سندھ ہائی کورٹ کو بھیج دی۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شکارپور مشتاق احمد کلوڑ نے ڈسٹرکٹ جیل شکارپور کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ اشفاق احمد کلوڑ چھٹی پر تھے، جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل جاوید احمد شیخ اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ مختار احمد شیخ سادہ لباس میں موجود تھے جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ جیل کے دورے کے دوران کمپلین باکس باہر آویزاں نہیں تھا اور کافی عرصے سے استعمال نہیں ہورہا تھا۔ ڈسٹرکٹ جیل کے اسپتال کے دورے کے دوران ڈاکٹر شکیل احمد منگی دیر سے پہنچے، جیل کی ادویات کے اسٹور میں غیر معیاری ادویات موجود تھیں، جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مشتاق احمد کلوڑ نے سخت نوٹس لیا اور رپورٹ ہائی کورٹ سندھ کو بھیج دی ہے۔ اس موقع پر سیش جج نے کورونا وائرس کے ایس او پیز کو لاگو کرنے کی سخت ہدایات کی۔