پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں، سراج الحق

226

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) میں کوئی فرق نہیں.

تیمر گرہ کے ریسٹ ہاؤس گراؤنڈ سے مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی، حکومتی ناقص کارکردگی اور عوام دشمن کے خلاف عوامی تحریک کے چوتھے جلسے سے خطاب کرتے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کورونا کے نام پر باہر سے آنیوالا 87 فیصد پیسا حکومت نے اپنے اخراجات پر خرچ کیے.

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے لیکن ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے میں کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں اور کورونا کے پیشِ نظر آئندہ 2 ہفتوں کے لئے تمام سیاسی جلسوں کو موخر کرتا ہوں.

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ لاکھوں نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والی اسمارٹ حکومت نے اسٹیل ملز کے ساڑھے 4 ہزار سے زائد ملازمین کو فارغ کردیا اور وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانہ نہیں ہے.

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلام اور قرآن کا نظام لائے گی، پنجاب اور بلوچستان میں جو ظلم ہورہا ہے وہی زیادتی سندھ میں ہورہی ہے،پی ڈی ایم والے کہتے ہیں کہ ملک میں بہتری لائیں گے،سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے پہلے وہاں تو بہتری لاکردکھائیں.