مہنگائی کے حساب سے تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ کیا جائے، خالد آفریدی

23

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) جمعیت المدرسین کے چیئرمین خالد آفریدی، محفوظ کے کے، کنور محمد فیصل، مقیت خان، جنید زئی، امین گدی نے مشترکہ بیان میں وزیر اعظم کی جانب سے غریب سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو بند گلی میں دھکیلنے اور عیاش طبقے کو مراعات دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آٹا چینی، اودیات اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء مہنگی کرکے عوام اور نچلے طبقے کے سرکاری ملازمین کو چکی کے دو پاٹوں میں پیسا جارہا ہے۔ وزیر اعظم غریبوں کا خون کا قطرہ قطرہ نچوڑ کر سود ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے، فوری طور پر وزیر خزانہ کے ساتھ مل کر اسکیل ریوائز اور مہنگائی کے حساب سے تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ کرکے دسمبر سے اطلاق کیا جائے۔ بصورت دیگر جمعیت المدرسین یوٹرن وزیر اعظم کیخلاف دیگر سرکاری ملازمین کے ساتھ تحریک چلائے گی، جس کی ذمے داری وفاقی حکومت پر عائد ہوگی۔