طاقت سے جلسہ روکا گیا تو کارکنوں کو بھی ڈنڈے اٹھانے کی اجازت ہے، فضل الرحمن

60

ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک)جے یو آئی (ف) کے سربراہ اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے قائد مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ ہمیں جلسے سے روکنے کے لیے کوئی ڈنڈا استعمال کرے گا تو کارکنوں کو بھی ڈنڈا اٹھانے کی اجازت ہے۔ ملتان میں پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت نے روزگار چھین لیے، گھر چھین لیے، تاجر رورہے ہیں، پی ڈی ایم کی طرف سے پورے ملک میں عوامی جلسوں کا سلسلہ جاری ہے، ملتان کی انتظامیہ کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں، تمام پارٹیوں کے کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت ریاستی دہشت گردی پر اتر آئی ہے، کل ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہو کررہے گا، ہم ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں، ہم نے تمام صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی ہے، تمام پارٹیوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ رکاوٹیں توڑ کر جلسے میں آئیں، پی ڈی ایم کے جلسے کو روکنے پر عوام کا سیلاب انہیں بہا لے جائے گا۔ کوئی ڈنڈا استعمال کرے گا تو کارکنوں کو بھی ڈنڈا اٹھانے کی اجازت ہے۔ اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ اگر حکمرانوں نے جلسہ نہ کرنے دیا تو پاکستان کا ہر ضلع جلسہ گاہ بن جائے گا، ہم نے جنوری میں لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا لیکن شاید حکمران چاہتے ہیں کہ ہم جلد لانگ مارچ کریں۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت نے جلسے سے پہلے ہی جلسہ کامیاب کردیا ہے۔