اسلام (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسوقت کورونا جیسی صورتحال کا سامنا ہے، کوویڈ 19 کے دوران پاکستان میں ہمارا مقابلہ ایسی سیاسی قیادت سے ہے، جو کبھی جمہوری جدوجہد سے نہیں گزری، انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی ایک دن بھی کام نہیں کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری سیاسی قیادت عام شہریوں کو درپیش مشکلات کو سمجھنے سے قاصر ہے، اس نے عام شہریوں کی بہتری کے لیے کسی بھی اہم کام میں کبھی حصہ نہیں لیا، اپنے خاندانوں کے لیے لوٹی دولت بچانا ان کا واحد مایوس کن مقصد ہے۔ اپوزیشن قیادت پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان ‘‘قائدین’’ کو عوام کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں، اپوزیشن کا واحد مقصد اپنے خاندانوں کی لوٹی ہوئی دولت اور کرپشن کو بچانا ہے، انہوں نے قومی دولت لوٹ کر عوام کو مزید غریب بنایا، اپوزیشن کے نام نہاد رہنما بڑے محلوں میں شاہانہ زندگی بسر کر رہے ہیں، جس کا انحصار براہ راست ناجائز اور غیر قانونی طور پر حاصل شدہ دولت پر ہے، جبکہ ان کو یہ منصب بھی خاندان سے وراثت میں ملا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے غریب لوگوں کے روزگار اور معیشت کو تباہی سے بچانے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا تو انہوں نے مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا، کورونا کی نئی لہر میں دوبارہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے تو یہ جلسے کرنا چاہتے ہیں، انہیں عام شہریوں کی زندگیوں کی کوئی فکر نہیں، این آر او حاصل کرنے کے لیے یہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، یہ سمجھتے ہیں این آر او کے لیے ہم پر دباؤ ڈالنے کا یہ آخری موقع ہے، لیکن یہ این آر او حاصل کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔