او آئی سی نے مودی کی خواہشات پر پانی پھیردیا،صدر آزاد کشمیر

65

اسلام آباد(اے پی پی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اسلامی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے منظور کی جانے والی موثر اور جامع قرار داد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قرار داد کی منظوری اور کانفرنس کے اعلامیہ میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کے تفصیلی تذکرے نے مودی حکومت کی منفی خواہشات پر پانی پھیر دیا ہے۔ نائیجر کے شہر نیامی میں اسلامی وزرائے خارجہ کونسل کے 47ویں اجلاس میں کشمیری وفد کی قیادت کرتے ہوئے شرکت کرنے کے بعد اسلام آباد پہنچنے کے بعد صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ او آئی سی نے ہمیشہ تنازع کشمیر کو امت مسلمہ کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اورکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے اعلامیہ میں بھارتی مظالم کی جو تفصیلات شامل کی گئی ہیں وہ کشمیری وفد نے اور انہوں نے کانفرنس سے اپنے خطاب میں فراہم کی تھی اور ان تفصیلات کو حتمی اعلامیہ کا حصہ بنانے پر ہم اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اور تمام رکن ممالک کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔